حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے مختلف دینی و مذہبی مراکز سے مربوط 16 علمائے اہلسنت نے حرم مطہر امام رضا (ع) کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔
برطانوی علمائے اہل سنت کے گروپ کے سرپرست حجت الاسلام نجم نے حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے مقدس مقامات کی زیارت کے موقع پر ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا : انگلینڈ کے اسلامک سینٹر کی دعوت پر وہاں کے اہل سنت دینی مدارس، مذہبی مراکز اور دیگر اسلامی اداروں کے سربراہوں نے حرم مطہر رضوی کی زیارت کا شرف حاصل کیا ہے اور یہاں کے تمام مقدس مقامات کو بھی قریب سے دیکھا ۔
حجت الاسلام نجم نے ان زائرین کے یہاں آنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا : اس روحانی اور معنوی سفر کا مقصد یہ ہے کہ مذاہب اسلامی کے مابین قربت و وحدت اور ہم آہنگی پیدا ہو اور ہمارے درمیان اصول دین ، کتاب و سنت اور اہلبیت (ع) سے محبت کے جو مشترکہ عقائد ہیں، ان پر زیادہ توجہ دی جائے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کیا کہ انگلینڈ کے اسلامی مراکز کے علمائے اہلسنت اور علمائے تشیع کا مشہد مقدس کا یہ پانچواں سفر ہے اور خوش قسمتی سے اس وقت تک زائرین اہلسنت ان تمام زیارتوں کے دوران اپنے پرتپاک استقبال پر بے انتہا خوش ہیں اور اسے وہ اپنے لئے ایک بہت بڑی توفیق سمجھتے ہیں اور سبھی کا کہنا ہے کہ اگلی بار وہ امام رضا (ع) کی زیارت کے لئے اپنے گھروالوں کے ساتھ آئیں گے
حجت الاسلام نجم نے کہا کہ اس قافلے کے بہت سے افراد جب زیارت سے مشرف ہوئے تو انھوں نے فرط عقیدت میں بہت زیادہ گریہ کیا اور ہر ایک کی آرزو تھی کہ انھیں دوبارہ اس معنوی اور روحانی سفر کی توفیق حاصل ہو۔
برطانیہ کے علمائے اہلسنت کی تنظیم کے سربراہ سید احمد حسین شاہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ انھیں تیسری بار امام رضا (ع) کی زیارت نصیب ہورہی ہے۔ میرا پچھلا سفر 32 سال پہلے ہوا تھا اور جب سے آج کے دور تک میں نے حرم مطہر کے توسیعی منصوبے میں بہت زیادہ تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ میری زبان یہاں کی عظمت و شکوہ کو بیان کرنے سے قاصر ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بلا شک مکہ مکرمہ کے بعد اس حرم مطہرکو وسعت اور ازدحام کے اعتبار سے دوسرا بڑا مقدس مقام سمجھا جا سکتا ہے اور بہر حال اس کا ہم کسی اور مذہبی مقام سے توسیعی منصوبے کے لحاظ سے موازنہ نہیں کرسکتے۔ یہاں پر جتنی بھی ترقی اور پیشرفت ہوئی ہے وہ قابل تعریف ہے۔
برطانیہ کے عالم اہل سنت احمد حسین شاہ نے مزید کہا کہ میں خداوند عالم سے رہبر معظم انقلاب اور حرم مطہر امام رضا (ع) کے متولی کی صحت اور سلامتی کے لئے دعا گو ہوں اور یہاں کے تمام خدام کے لئے بھی دعا کرتا ہوں کہ ان کی عظیم توفیقات میں مزید اضافہ ہو۔
یاد رہے کہ اس گرپ کی آستان مقدس رضوی کے غیر ملکی زائرین کے ادارے نے اعانت کی اور زیارت کے بعد گروپ کے تمام افراد کو آستان قدس کے میوزیم اور مرکزی لائبریری کا دورہ کرایا گیا اور تمام حضرات، حضرت امام رضا (ع) کے پربرکت دسترخوان کے مہمان بھی ہوئے۔